سورة الحجرات - آیت 15

إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ لَمْ يَرْتَابُوا وَجَاهَدُوا بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنفُسِهِمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الصَّادِقُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

درحقیقت مومن تو وہ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لائے پھر انہوں نے کبھی شک نہیں کیا اور اپنی جانوں اور مالوں سے اللہ کی راہ میں جہاد کیا، یہی لوگ ہیں جو سچے (مومن) ہیں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(13) ایمان صادق کسے کہتے ہیں؟ اور حقیقی مومن کون ہے؟ اسی کی تشریح کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ حقیقی معنوں میں اہل ایمان تو وہ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر صدق دل سے ایمان لے آئے، ایسا ایمان جس کے بعد ان کے دل کے کسی گوشہ میں شک کا شائبہ تک باقی نہ رہا، اور اپنے مال اور اپنی جان کے ذریعہ اللہ کی راہ میں جہاد کیا اور دیگر اعمال صالحہ بھی کئے۔ یہی لوگ اپنے ایمان کے دعویٰ میں صادق ہیں نہ کہ وہ دیہاتی جن کے دلوں میں ایمان داخل نہیں ہوا اور نہ ان کے عمل نے ان کے صادق الایمان ہونے کی تصدیق کی۔