سورة الجاثية - آیت 18

ثُمَّ جَعَلْنَاكَ عَلَىٰ شَرِيعَةٍ مِّنَ الْأَمْرِ فَاتَّبِعْهَا وَلَا تَتَّبِعْ أَهْوَاءَ الَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اس کے بعد اے نبی ! ہم نے آپ کو دین کے معاملہ میں ایک شاہراہ پر قائم کردیا ہے سوآپ اسی راستہ پر چلے جائیے اور ان لوگوں کی پیروی نہ کریں جوعلم سے بے بہرہ ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(12) نبی کریم (ﷺ) سے کہا گیا ہے کہ اے میرے نبی ! ہم نے آپ کو بہت ہی واضح دین اور روشن شریعت دی ہے جو آپ سے پہلے تمام انبیاء کا دین رہا ہے، آپ اسی پر گامزن رہئے، اور اپنی امت کو اسی کا حکم دیجیے اور جنہیں اللہ کی توحید اور اس کے دین و شریعت کا علم نہیں، چاہے وہ کفار مکہ ہوں یا یہود و نصاریٰ، ان کی خواہشات کی پیروی نہ کیجیے۔ اگر آپ ان کی خواہشات کی اتباع کریں گے، تو یہ لوگ اللہ کے عذاب کو آپ سے نہیں ٹال سکیں گے۔