سورة الزخرف - آیت 86
وَلَا يَمْلِكُ الَّذِينَ يَدْعُونَ مِن دُونِهِ الشَّفَاعَةَ إِلَّا مَن شَهِدَ بِالْحَقِّ وَهُمْ يَعْلَمُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور خدا کے سوا جن کو یہ لوگ پکارتے ہیں ان کو سفارش کا کوئی اختیار نہ ہوگا بجزاس کے کہ حق بات کی شہادت دیں اور وہ اس کو جانتے بھی ہوں
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(40) مشرکین عرب اس زعم باطل میں مبتلاتھے کہ فرشتے اور ان کے دیگر جھوٹے معبود قیامت کے دن ان کے لئے سفارشی بنیں گے، اسی لئے ان کی عبادت کرتے تھے۔ اس آیت کریمہ میں ان کے اسی مشرکانہ عقیدہ کی تردید کی گئی ہے کہ وہ معبود ان باطل کسی کے لئے شفاعت کرنے کا اختیار نہیں رکھتے ہیں، شفاعت تو اللہ کی اجازت سے صرف اس کے وہ بندے کسی کے لئے کریں گے جو اللہ کی وحدانیت کے صدق دل سے قائل ہوں گے اور کسی کو اس کا شریک نہیں ٹھہرائیں گے۔