سورة فصلت - آیت 16

فَأَرْسَلْنَا عَلَيْهِمْ رِيحًا صَرْصَرًا فِي أَيَّامٍ نَّحِسَاتٍ لِّنُذِيقَهُمْ عَذَابَ الْخِزْيِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا ۖ وَلَعَذَابُ الْآخِرَةِ أَخْزَىٰ ۖ وَهُمْ لَا يُنصَرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

آخرکار ہم نے چند منحوس دنوں میں ان پر سخت طوفانی ہوابھیج دی تاکہ انہیں اس دنیا کی زندگی ہی میں ذلت ورسوائی کے عذاب کا مزہ چکھادیں اور آخرت کا عذاب اس سے کہیں زیادہ رسواکن ہے اور وہاں ان کی کوئی مدد نہیں کی جائے گی (٣)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(12) جب اپنے کفر و سرکشی سے باز نہیں آئے، تو اللہ تعالیٰ نے انہیں ہلاک کرنے کے لیے ان پر ایک تیز اور ٹھنڈی ہوا کو مسلط کردیا جو سات رات اور آٹھ دن تک چلتی رہی اور جس نے ان میں سے ایک کو بھی نہیں چھوڑا یہ دن ان کے لئے بڑے ہی برے دن ثابت ہوئے مجاہد اور قتادہ کہتے ہیں کہ یہ ایام بدھ سے بدھ تک ماہ شوال کے آخری ایام تھے اس عذاب کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے انہیں دنیا میں رسوا کیا اور آخرت میں جو عذاب انہیں دیا جائے گا وہ بہت ہی زیادہ رسوا کن ہوگا اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہوگا۔