اللَّهُ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الْأَرْضَ قَرَارًا وَالسَّمَاءَ بِنَاءً وَصَوَّرَكُمْ فَأَحْسَنَ صُوَرَكُمْ وَرَزَقَكُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ ۚ ذَٰلِكُمُ اللَّهُ رَبُّكُمْ ۖ فَتَبَارَكَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ
اللہ وہ ہے جس نے تمہارے لیے زمین کو قرار گاہ اور آسمان کوچھت بنادیا اور اس نے تمہاری صورتیں بنائیں، سوبہترین صورتیں بنائیں اور تمہیں پاکیزہ چیزوں کارزق دیا اور وہ اللہ تمہارا رب ہے سو اللہ بہت ہی برکتوں والا ہے جوتمام جہانوں کاپروردگار ہے
(36) اس آیت کریمہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو دعوت فکر دی ہے، تاکہ وہ اپنے خالق و رازق کو پہچانیں، اس پر ایمان لائیں اور صرف اسی کی عبادت کریں، اس لئے کہ دنیا و آخرت دونوں جہان میں انسانوں کی بھلائی اسی پر موقوف ہے، فرمایا کہ وہ اللہ ہے جس نے زمین کو ٹھہری ہوئی بنایا ہے، تاکہ تم اس پر زندگی گذار سکو، چل پھر سکو، اور اپنی ضروریات زندگی پوری کرسکو اور جس نے آسمانوں کو مضبوط اور محکم بنایا ہے، جو نہ کبھی پھٹتا ہے اور نہ اس کا کوئی حصہ ٹوٹ کر انسانوں کے سروں پر گرتا ہے اور جس نے تمہیں تمہاری ماؤں کے بطن میں اچھی شکل و صورت میں بنایا، یعنی ہر عضو کو مناسب ترین جگہ پر رکھا تاکہ تم ان سے فائدہ اٹھا سکو اور اپنے خالق کے کمال قدرت اور کمال حکمت کا اعتراف کرسکو اور جس نے تمہیں لذیذ ترین کھانے اور پینے کی نعمتیں دیں تاکہ تم اس کا شکر بجا لاؤ۔