سورة غافر - آیت 61

اللَّهُ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ اللَّيْلَ لِتَسْكُنُوا فِيهِ وَالنَّهَارَ مُبْصِرًا ۚ إِنَّ اللَّهَ لَذُو فَضْلٍ عَلَى النَّاسِ وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَشْكُرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اللہ ہی ہے جس نے تمہارے لیے رات بنائی کہ اس میں آرام حاصل کرو اور دن کو روشن بنایا بے شک اللہ لوگوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے لیکن اکثر لوگ شکرگزاری سے کام نہیں لیتے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(34) اللہ تعالیٰ نی اپنی بعض مخلوقات اور ان میں اپنے تصرفات کا ذکر کر کے انسانوں کو دعوت فکر دی ہے کہ ان مخلوقات میں غور کر کے اسے پہنچانیں اس پر ایمان لائیں اور صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ماسوا جھوٹے معبودوں کا انکار کردیں فرمایا کہ وہ اللہ ہے جس نے رات بنائی ہے، تاکہ تم طلب معاش کے لئے پیہم حرکت و عمل کو چھوڑ کر نیند کی گود میں چلے جاؤ، اور راحت و سکون حاصل کرو اور اس نے دن کو روشن بنایا ہے تاکہ تم چل پھر سکو اور طلب معاش اور زندگی کی دیگر ضروریات پوری کرنے کے لئے نقل و حرکت کرسکو اور اللہ کی نعمتیں بے شمار ہیں جن کا کوئی احاطہ نہیں کرسکتا ہے لیکن جاہ و نادان اور کافر کو ان نعمتوں کے اعتراف اور ان پر اللہ کا شکر بجا لانے کی توفیق نہیں ہوتی ہے۔