الَّذِينَ يُجَادِلُونَ فِي آيَاتِ اللَّهِ بِغَيْرِ سُلْطَانٍ أَتَاهُمْ ۖ كَبُرَ مَقْتًا عِندَ اللَّهِ وَعِندَ الَّذِينَ آمَنُوا ۚ كَذَٰلِكَ يَطْبَعُ اللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ قَلْبِ مُتَكَبِّرٍ جَبَّارٍ
جولوگ اللہ تعالیٰ کی آیات میں جھگڑا کرتے ہیں بغیر اس کے کہ انکے پاس کوئی دلیل آئی ہو یہ رویہ اللہ تعالیٰ اور اہل ایمان کے نزدیک نہایت ہی مبغوض ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ ہر متکبر اور بڑے جابر کے دل پر مہر لگا دیتا ہے
(20) مرد مومن نے اپنی تقریر ختم کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حق کی آواز کو دبانے کے لئے شیطانی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں، اور اللہ کی جانب سے بغیر کسی حجت و برہان کے اس کی آیتوں میں شکوک و شبہات پیدا کرتے ہیں تاکہ لوگ ایمان نہ لائیں ان کا یہ کردار اللہ اور اس کے مومن بندوں کی نظر میں بہت ہی زیادہ مبغوض ہے اور ایسے لوگوں کے دلوں پر اللہ تعالیٰ مہر لگا دیتا ہے، ان سے نور بصیرت چھین لیتا ہے، پھر وہ حق و باطل کی تمیز سے محروم ہوجاتے ہیں۔