يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ ۖ فَلَا تَغُرَّنَّكُمُ الْحَيَاةُ الدُّنْيَا ۖ وَلَا يَغُرَّنَّكُم بِاللَّهِ الْغَرُورُ
اے لوگو ! بلاشبہ اللہ کا وعدہ برحق ہے لہذادنیا کی زندگی تمہیں دھوکے میں نہ ڈالے اور نہ اللہ کے بارے میں تمہیں بڑا دھوکے باز، دھوکے میں ڈال دے۔
4 - اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ انسانوں کا دوبارہ زندہ کیا جانا، حساب و کتاب، جزا و سزا اور جنت و جہنم کی باتیں بالکل صحیح اور برحق ہیں، اس لئے وہ دنیا کی زندگی اور اس کے عیش و آرام میں پڑ کر آخرت کی کامیابی کے لئے عمل صالح کرنا بھول نہ جائیں، یہاں تک کہ موت آجائے اور اللہ کے حضور خالی ہاتھ پہنچیں اور اس وقت کف افسوس ملتے ہوئے کہیں کہ اے کاش ! میں نے اس زندگی کی کامیابی کے لئے عمل صالح کیا ہوتا اور ایسا نہ ہو کہ شیطان انہیں یہ کہہ کر بہکادے کہ اللہ کی رحمت بڑی وسیع ہے، اور اس کا فضل و کرم بڑا عام ہے، اس لئے یہاں خوب عیش کرلو، کبھی توبہ کرلینا وہ غفور رحیم تمہیں ضرور معاف کر دے گا۔