سورة سبأ - آیت 41

قَالُوا سُبْحَانَكَ أَنتَ وَلِيُّنَا مِن دُونِهِم ۖ بَلْ كَانُوا يَعْبُدُونَ الْجِنَّ ۖ أَكْثَرُهُم بِهِم مُّؤْمِنُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

فرشتے عرض کریں گے، تیری ذات پاک ہے ہمارا کارساز تو ہے نہ کہ یہ لوگ بلکہ اصل بات یہ ہے کہ یہ جنوں کی پرستش کیا کرتے تھے اور ان کی اکثریت انہی پر ایمان رکھتی تھی

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

تو فرشتے فوراً اللہ کے سوا معبود ہونے سے اپنی برأت کا اظہار کردیں گے اور اللہ کی پاکی بیان کرتے ہوئے کہیں گے کہ تو ہی ہمارا مولی ہے، ہم تیرے بندے ہیں اور تیری ہی عبادت کرتے ہیں ہم نے انہیں کبھی نہیں کہا کہ وہ ہماری عبادت کریں یہ لوگ درحقیقت ابلیس اور دیگر شیاطین کی عبادت کرتے تھے اور ان میں سے اکثر لوگ انہی کی بات مانتے تھے۔ یہاں فرشتوں کا ذکر بطور خاص مشرکین کے اس عقیدے کی وجہ سے کیا گیا ہے کہ ان کے اصنام درحقیقت اللہ کے مقرب فرشتوں کی شکل کے بنائے گئے ہیں، تاکہ وہ فرشتے ان کے سفارشی بنیں۔