سورة السجدة - آیت 14

فَذُوقُوا بِمَا نَسِيتُمْ لِقَاءَ يَوْمِكُمْ هَٰذَا إِنَّا نَسِينَاكُمْ ۖ وَذُوقُوا عَذَابَ الْخُلْدِ بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

سو اب تم اس دن کی ملاقات کو بھول جانے کا مزہ چکھو، ہم نے بھی تمہیں بھلادیا اور اپنے ان عملوں کے بدلہ میں جو تم کیا کرتے تھے دائمی عذاب کا مزہ چکھو

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(12) پھر اللہ تعالیٰ ان منکرین قیامت سے مخاطب ہوگا اور بطور زجر و توبیخ کہے گا کہ تم دنیا میں قیامت کے دن کو فراموش کر بیٹھے تھے، میرا نبی جب اس دن کی تمہیں یاد دلاتا تھا تو اس کا مذاق اڑاتے تھے، تو چکھو اس انکار و استہزا کا مزا، اب ہم بھی تمہیں جہنم میں ڈال کر ہمیشہ کے لئے بھول جاتے ہیں، اب اپنے کئے کے بدلے جہنم کا دائمی عذاب جھیلتے رہو۔