سورة العنكبوت - آیت 61

وَلَئِن سَأَلْتَهُم مَّنْ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَسَخَّرَ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ لَيَقُولُنَّ اللَّهُ ۖ فَأَنَّىٰ يُؤْفَكُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اگر ان مشرکین سے تم پوچھو کہ وہ کون ہے جس نے آسمان اور زمین پیدا کیے؟ اور سورج اور چاند کو اس ترتیب اور نظام عجیب پر مسخر کردیا؟ تو بے اختیار بول اٹھیں گے کہ اللہ تو پھر یہ گمراہ کہاں بھٹکے جارہے ہیں (٢١)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(36) مشرکین کی حالت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے نبی کریم (ﷺ) سے کہا گیا ہے کہ آپ جب ان سے پوچھیں گے کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے اور آفتاب و ماہتاب کو انسانوں کے فائدے کے لئے کس نے اپنا تابع فرمان بنا رکھا ہے، تو وہ فوراً کہیں گے کہ یہ سب کام اللہ تعالیٰ کے ہیں، تو پھر اس اعتراف حقیقت کے باوجود وہ دوسروں کو اللہ کا شریک کیوں بناتے ہیں جو ان کے نفع یا نقصان کی قدرت نہیں رکھتے ہیں؟