سورة القصص - آیت 88

وَلَا تَدْعُ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ ۘ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۚ كُلُّ شَيْءٍ هَالِكٌ إِلَّا وَجْهَهُ ۚ لَهُ الْحُكْمُ وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور نہ اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو پکارو، اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اس کی ذات کے سواہرچیز فنا ہونے والی ہے اس کی فرمانروائی ہے اور اسی کی طرف تم سب کی بازگشت ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

آیت 88 کے دوسرے حصہ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس کی ذات کے سوا ہر چیز کو فنا لاحق ہوجائے گی مجاہد، ثوری، اور امام بخاری نے اس کی تفسیر یہ بیان کی ہے کہ ہر وہ عمل جس سے مقصود اللہ کی رضاطلبی نہیں ہوگی وہ رائگاں جائے گا اللہ کے نزدیک اس کی کوئی قیمت نہیں ہوگی اور تمام مخلوقات میں اللہ کا ہی حکم نافذ وجاری ہے اس کے فیصلوں کو کوئی نہیں بدل سکتا ہے اور سب کو دوبارہ اس کے پاس لوٹ کر جانا ہے جہاں حساب و کتاب ہوگا، نیکی اور بدی کا بدلہ چکایا جائے گا یعنی قیامت یقینا آئے گی اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہے، وبااللہ التوفیق۔