سورة آل عمران - آیت 38

هُنَالِكَ دَعَا زَكَرِيَّا رَبَّهُ ۖ قَالَ رَبِّ هَبْ لِي مِن لَّدُنكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً ۖ إِنَّكَ سَمِيعُ الدُّعَاءِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اس موقع پر زکریا نے اپنے رب سے دعا کی، کہنے لگے : یا رب مجھے خاص اپنے پاس سے پاکیزہ اولاد عطا فرمادے۔ بیشک تو دعا کا سننے والا ہے۔ (١٢)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

32۔ جب زکریا (علیہ السلام) نے مریم علیہا السلام کے ساتھ اللہ کا یہ لطف و کرم دیکھا، تو اپنی کبر سنی اور بیوی کے سن یاس کو پہنچ جانے کے باوجود نیک لڑکے کے لیے دعا کی، جو نیکی اور طہارت و نجابت میں مریم کی مانند ہو، چنانچہ اللہ نے ان کی دعا قبول کرلی، اور فرشتوں کے ذریعہ ولد صالح کی بشارت بھیج دی