سورة النمل - آیت 26

اللَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ ۩

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اللہ ہی وہ ذات ہے جس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور جو عرش عظیم کا مالک ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

وہ اللہ جس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، اور جو اس عرش عظیم کا رب ہے، جو آفتاب، تمام ستاروں اور ہر چیز کو محیط ہے، جس کی عظمت کے مقابلے میں اس عورت کے تخت شاہی کی کوئی حیثیت نہیں ہے، اور جس اللہ کی قدرت کے مقابلے میں اس کا معبود یعنی آفتاب کتنا کمزور اور ناتواں ہے۔ حافظ ابن کثیر لکھتے ہیں کہ چونکہ ہدہد نے صرف ایک اللہ کی عبادت کرنے کی دعوت دی اور غیر اللہ کو سجدہ کرنے سے روکا اسی لیے اس کا قتل ممنوع ہے۔ امام احمد ابو داود اور ابن ماجہ وغیرہم نے ابوہریرہ (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے چار جانداروں کو مارنے سے منع فرمایا ہے۔ چیونٹی، شہد کی مکھی، ہدہد اور لٹورا۔