سورة المؤمنون - آیت 80

وَهُوَ الَّذِي يُحْيِي وَيُمِيتُ وَلَهُ اخْتِلَافُ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ ۚ أَفَلَا تَعْقِلُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور وہی ہے جو جلاتا ہے اور مارتا ہے، اسی کی کارفرمائی ہے کہ رات دن ایک دوسرے کے پیچھے آتے رہتے ہیں، کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے؟

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

25۔ اور وہی ہے جو قطرہائے منی کو زندگی دیتا ہے، خون کے لوتھڑے میں روح پھونکتا ہے، اور مختلف اطوار سے گزار کر ایک مکمل انسان کی شکل میں رحم مادر سے باہر نکالتا ہے، اور وہی ہے جو لیل ونہار کو گھٹاتا بڑھاتا ہے، ان تصرفات پر اس کے علاوہ کوئی دوسرا قادر نہیں ہے، تو اے اہل مکہ ! کیا تمہاری عقل میں اتنی سی بات نہیں آتی ہے کہ جس نے پہلی بار بغیر سابق نمونہ کے تمہیں پیدا کیا تھا وہ یقینا تمہیں دوبارہ پیدا کرنے پر قادر ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ جس کے دل کی آنکھ اندھی ہو اسے کسی دلیل سے کوئی فائدہ نہیں پہنچتا ہے،