سورة المؤمنون - آیت 52

وَإِنَّ هَٰذِهِ أُمَّتُكُمْ أُمَّةً وَاحِدَةً وَأَنَا رَبُّكُمْ فَاتَّقُونِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور دیکھو یہ تمہاری امت دراصل ایک ہی امت ہے اور تم سب کا پروردگار میں ہی ہوں، پس (انکار و بدعملی کے نتائج سے) ڈرو (ان تمام پیغمبروں کے ذریعہ سے جو تعلیم دی گئی وہ یہی تعلیم تھی )

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

14۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انبیائے کرام کو یہ بھی کہا کہ آپ سب کا دین ایک ہی ہے، وہ یہ ہے کہ لوگوں کو ایک اللہ کی عبادت کی طرف بلایئے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ آل عمران آیت 19 میں فرمایا ہے : ﴿إِنَّ الدِّينَ عِنْدَ اللَّهِ الْإِسْلَامُ﴾ بیشک اللہ کے نزدیک دین صرف اسلام ہے۔ اور تمام بنی نوع انسان کا رب بھی صرف میں ہو، اس لیے اگر انہوں نے میری وحدانیت کا انکار کر کے میرے ساتھ غیروں کو عبادت میں شریک بنایا تو پھر انہیں میرے عقاب و عذاب کا انتظار کرنا چاہیے۔