سورة الحج - آیت 77

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا ارْكَعُوا وَاسْجُدُوا وَاعْبُدُوا رَبَّكُمْ وَافْعَلُوا الْخَيْرَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ ۩

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

مسلمانوں رکوع میں جھکو، سجدے میں گرو، اپنے پروردگار کی بندگی کرو، جو کچھ کرو، نیکی کی بات کرو، عجب نہیں کہ اس طرح بامراد ہو۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(39) توحید و رسالت اور بعث بعد الموت کا عقیدہ بیان کرنے کے بعد اہل ایمان سے کہا جارہا ہے کہ تم لوگ رکوع اور سجدہ کرو، یعنی نماز پڑھو، اس کا خاص اہتمام کرو، اور دیگر عبادات، جن کا اللہ نے تمہیں حکم دیا ہے انہیں بھی بجا لاؤ اور بھلائی کے کاموں میں لگے رہو، صلہ رحمی کرو، یتیموں کی دلجوئی کرو، محتاجوں اور غریبوں کو کھانا کھلاؤ اور اپنے آپ کو اخلاق حسنہ کا پابند بناؤ، حصول جنت کا یہی طریقہ ہے۔