سورة مريم - آیت 63
تِلْكَ الْجَنَّةُ الَّتِي نُورِثُ مِنْ عِبَادِنَا مَن كَانَ تَقِيًّا
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
سو (دیکھو) یہ جنت ہے جس کا ہم اسے وارث کردیتے ہیں جو ہمارے بندوں میں سے متقی ہوتا ہے۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(39) اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ وہ جنت ہوگی جو ہم اپنے ان بندوں کو دیں گے جو اہل تقوی ہوں گے، خوشی اور غم ہر حال میں ہمارے فرمانبردار ہوں گے، غصہ کو دبائیں گے اور لوگوں کو درگزر کریں گے۔ جیسا کہ اللہ نے سورۃ المومنون کی ابتدائی آیتوں میں مومنوں کی صفات بیان فرماتے ہوئے کہا ہے : ﴿ قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ﴾ اور آخر میں فرمایا : ﴿ أُولَئِكَ هُمُ الْوَارِثُونَ الَّذِينَ يَرِثُونَ الْفِرْدَوْسَ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ ﴾ جن مومنین کی مذکورہ بالا آیتوں میں صفات بیان کی گئی ہیں وہی لوگ فردوس کے وارث بنیں گے جہاں وہ ہمیشہ کے لیے رہیں گے۔