سورة البقرة - آیت 222

وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الْمَحِيضِ ۖ قُلْ هُوَ أَذًى فَاعْتَزِلُوا النِّسَاءَ فِي الْمَحِيضِ ۖ وَلَا تَقْرَبُوهُنَّ حَتَّىٰ يَطْهُرْنَ ۖ فَإِذَا تَطَهَّرْنَ فَأْتُوهُنَّ مِنْ حَيْثُ أَمَرَكُمُ اللَّهُ ۚ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ التَّوَّابِينَ وَيُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اے پیغمبر ! لوگ تم سے عورتوں کے ماہواری ایام کے بارے میں دریافت کرتے ہیں ان سے کہہ دو وہ مضرت (کا وقت) ہے۔ پس چاہیے کہ ان دنوں میں عورتوں سے علیحدہ رہو۔ اور جب تک وہ (ایما سے فارغ ہوکر) پاک و صاف نہ ہو لیں ان سے نزدیکی نہ کرو۔ اور (یہ بات بھی یاد رکو کہ) جب وہ پاک صاف ہولیں اور تم ان کی طرف ملتفت ہو، تو اللہ نے (فطری طور پر) جو بات جس طرح ٹھہرا دی ہے اسی کے مطابق ہونی چاہیے۔ (اس کے علاوہ کسی دوسری خلاف فطرت بات کا خیال نہ کرو) اللہ ان لوگوں کو دوست رکھتا ہے جو (برائی سے) پناہ مانگنے والے ہیں اور ان لوگوں کو دوست رکھتا ہے جو پاکی وہ صفائی رکھنے والے ہیں

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

313: انس بن مالک (رض) کہتے ہیں کہ یہود اپنی حائضہ عورتوں کے ساتھ کھانا نہیں کھاتے تھے تھے، اور نہ ایک گھر میں ان کے ساتھ سوتے تھے، صحابہ کرام (رض) نے نبی کریم (ﷺ) سے اس کے بارے میں دریافت کیا کہ وہ اپنی عورتوں کے ساتھ کیسا معاملہ کریں تو یہ آیت نازل ہوئی کہ آپ انہیں بتا دیجئے کہ ماہواری کا خون گندا اور نقصان دہ ہوتا ہے، اس لیے مدت حیض میں ان کے ساتھ مجامعت نہ کرو، اور جب تک پاک نہ ہوجائیں ان کے قریب بھی نہ جاؤ، اور جب تک پاکی حاصل نہ کرلیں ان کے ساتھ جماع نہ کرو، اللہ تعالیٰ گناہوں سے توبہ کرنے والوں، اور نجاستوں اور گندگیوں سے پاکی حاصل کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ فوائد : 1۔ آیت میں ممانعت جماع سے ہے، ایک ساتھ اٹھنے بیٹھنے، کھانے پینے، لیٹنے اور جماع کے علاوہ دیگر امور استمتاع کی ممانعت نہیں ہے۔ صحیحین میں ام المؤمنین میمونہ (رض) کی روایت ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) میرے ساتھ لیٹتے تھے اور میں حائضہ ہوتی تھی اور میرے اور ان کے درمیان صرف ایک کپڑا ہوتا تھا۔ 2۔ حیض آنے کے بعد بہتوں کے نزدیک جماع کے جواز کی دو شرطیں ہیں : پہلی شرط یہ ہے کہ حیض کا خون آنا بند ہوجائے، اور دوسری یہ ہے کہ عورت غسل کرلے۔ اگر غسل کے لیے پانی میسر نہ ہو تو تیمم کرلینا کافی ہوگا، امام شوکانی کے نزدیک یہی راجح ہے، لیکن امام ابن حزم اور دیگر بہت سے علماء کا خیال ہے کہ غسل کرنا شرط نہیں۔ اگر عورت انقطاع دم کے بعد اپنی شرمگاہ اچھی طرح صاف کرلیتی ہے تاکہ وہاں خون کا کوئی اثر باقی نہ رہے، تو پھر جماع جائز ہوگا، محدث شام علامہ ناصر الدین البانی نے اپنی کتاب آداب الزفاف میں اسی رائے کو ترجیح دی ہے۔ 3۔ خون رک جانے کے بعد حائضہ کے لیے غسل کرنا واجب ہے۔