سورة مريم - آیت 9

قَالَ كَذَٰلِكَ قَالَ رَبُّكَ هُوَ عَلَيَّ هَيِّنٌ وَقَدْ خَلَقْتُكَ مِن قَبْلُ وَلَمْ تَكُ شَيْئًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ارشاد ہوا ایسا ہی ہوگا، تیرا پروردگار فرماتا ہے کہ ایسا کرنا میرے لیے کچھ مشکل نہیں، میں نے اس سے پہلے خود ببھی تجھے پیدا کیا حالانکہ تیری ہستی کا نام و نشان نہ تھا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(5) اللہ تعالیٰ نے فرمایا جیسا آپ نے چاہا ویسا ہی ہوگا، پھر ان کی حیرت و استعجاب دور کرنے کے لیے مزید کہا، آپ کا رب کہتا ہے کہ ایسا کرنا یعنی بہت ہی بوڑھے باپ اور ہمشیہ سے بانجھ ماں سے بچہ پیدا کرنا میرے لیے آسان ہے، اور میری قدرت مطلقہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اس میں حیرت کی آپ کے لیے کوئی بات نہیں ہونی چاہیے، میں تو خود آپ کو اس سے پہلے ایک نطفہ حقیر کے ذریعہ عدم سے وجود میں لاچکا ہوں، ماں اور باپ کے ذریعہ پیدا کرنا تو زیادہ آسان ہے۔