سورة الإسراء - آیت 28
وَإِمَّا تُعْرِضَنَّ عَنْهُمُ ابْتِغَاءَ رَحْمَةٍ مِّن رَّبِّكَ تَرْجُوهَا فَقُل لَّهُمْ قَوْلًا مَّيْسُورًا
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور اگر ایسا ہو کہ تم اپنے پروردگار کی مہربانی کی راہ دیکھ رہے ہو (یعنی تنگ دستی کی حالت میں ہو اور رزق کی جستجو کر رہے ہو) اور اس لیے تمہیں (ان حقداروں سے) منہ پھیرنا پڑے، تو چاہیے کہ نرمی سے انہیں سمجھا دو (سختی سے پیش نہ آؤ)
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(17) اس آیت کریمہ میں نصیحت کی گئی ہے کہ جن لوگوں کا اوپر ذکر آیا ہے، اگر ان میں سے کوئی کسی کے سامنے اپنی ضرورت پیش کرے اور اس کے پاس اس کو دینے کے لیے مال نہ ہو، تو اسے چاہیے کہ وہ مانگنے والے کو مایوس نہ کرے اس سے سخت لہجہ میں بات نہ کرے اور اس وعدے کے ساتھ اسے واپس کرے کہ اللہ تعالیٰ جب وسعت دے گا تو اس کی مدد کرے گا۔