رَّبُّكُمْ أَعْلَمُ بِمَا فِي نُفُوسِكُمْ ۚ إِن تَكُونُوا صَالِحِينَ فَإِنَّهُ كَانَ لِلْأَوَّابِينَ غَفُورًا
تمہارا پروردگار خوب جانتا ہے جو کچھ تمہارے جی میں ہوتا ہے، اگر تم نیک کردار ہوئے (اور بغیر قصد کے تم سے کوئی فروگزاشت ہوگئی) تو (اس کی وجہ سے تمہیں مضطرب نہیں ہونا چاہیے) وہ بلاشبہ توبہ کرنے والوں کے لیے بڑا ہی بخشنے والا ہے۔
(15) دلوں کے بھید اور احوال کو اللہ تعالیٰ سے زیادہ کون جانتا ہے؟ جو شخص والدین کے لیے نیک جذبات رکھتا ہے اللہ اسے خوب جانتا ہے اور اگر کوئی شخص ان کے لیے نفرت کا جذبہ رکھتا ہے اور انہیں بوجھ سمجھتا ہے تو اسے بھی اللہ خوب جانتا ہے اور دونوں قسم کے آدمی کے ساتھ اس کی نیت کے مطابق اللہ معاملہ کرے گا، آیت میں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ اچھی نیت اور عام حالات میں والدین کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے کے باوجود اگر کبھی کوئی تقصیر ہوجائے اور اس پر آدمی نادم ہو تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہ معاف کردے گا اور عذاب نہیں دے گا۔