سورة الحجر - آیت 19
وَالْأَرْضَ مَدَدْنَاهَا وَأَلْقَيْنَا فِيهَا رَوَاسِيَ وَأَنبَتْنَا فِيهَا مِن كُلِّ شَيْءٍ مَّوْزُونٍ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور (دیکھو) ہم نے زمین (کی سطح) پھیلا دی (یعنی ایسی بنا دی کہ تمہارے لیے بچھے ہوئے فرش کی طرح ہوگئی) اور اس میں پہاڑ گاڑ دیئے۔ نیز جتنی چیزیں اس میں اگائیں، سب وزن کی ہوئی اگائیں۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(12) اللہ تعالیٰ کے مظاہر قدرت کا بیان ابھی جاری ہے کہ زمین کو انسانوں کے لیے فرش بنا کر پھیلا دیا، اور بڑے بڑے پہاڑوں کو اس کے اوپر جما دیا تاکہ حرکت نہ کرے، اور اپنی حکمت کے تقاضوں کے مطابق اس پر پودے اگائے، بایں طور کہ ان چیزوں میں کوئی شخص نہ کمی لاسکتا ہے اور نہ زیادتی، اور جس ہیئت و کیفیت میں انہیں پیدا کیا ہے اس سے عمدہ کوئی کیفیت نہیں ہوسکتی ہے۔