سورة البقرة - آیت 10

فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ فَزَادَهُمُ اللَّهُ مَرَضًا ۖ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ بِمَا كَانُوا يَكْذِبُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ان کے دلوں میں (انکار کا) روگ ہے۔ پس اللہ نے (دعوت حق کامیاب کر کے) انہیں اور زیادہ روگی کردیا اور ان کے عذاب جانکاہ ہوگا اس لیے کہ اپنی نمائش میں سچے نہیں

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

20۔ یہاں ” مرض“ سے مراد شکوک و شبہات اور نفاق کی بیماری ہے، قلبِ انسانی کو دو طرح کے امراض لاحق ہوتے ہیں : شبہاتِ باطلہ کا مرض اور مہلک شہوات کا مرض۔ کفر و نفاق اور شکوک و شبہات کی پہلی قسم سے ہے، اور زنا و فواحش و معاصی سے محبت، دوسری قسم سے۔ اور حقیقی عافیت یہ ہے کہ آدمی دونوں قسم کے امراض سے بچا رہے، تو پھر اسے یقین و ایمان حاصل ہوتا ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے یہاں اہل نفاق کے دل کو قلب مریض سے تعبیر کیا ہے، اسی طرح مومنوں کے دل کو قلب سلیم سے تعبیر کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : İإِلَّا مَنْ أَتَى اللَّهَ بِقَلْبٍ سَلِيمٍ Ĭ، یعنی وہ دل جو کفر و نفاق کے مرض سے محفوظ ہے۔ الشعراء : 89) 21۔ یہاں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آدمی اپنے سابقہ گناہوں کی وجہ سے (اللہ تعالیٰ کی طرف سے بطور عقاب) دوسرے گناہوں میں مبتلا کردیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ İوَأَمَّا الَّذِينَ فِي قُلُوبِهِمْ مَرَضٌ فَزَادَتْهُمْ رِجْسًا إِلَى رِجْسِهِمْ Ĭ، یعنی جن کے دلوں میں گناہ کی گندگی ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ ان کے گناہ اور بڑھا دیتا ہے، تو گناہ کی سزا اس کے بعد دوسرا گناہ ہوتا ہے۔ جیسے نیکی کا ثواب دوسری نیکی ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ İوَيَزِيدُ اللَّهُ الَّذِينَ اهْتَدَوْا هُدًى Ĭ۔ یعنی اہل ہدایت کو اللہ مزید ہدایت دیتا ہے مریم :76۔ کفر و نفاق کے مرض میں مبتلا ہونے اور اس پر اصرار کی سزا اللہ تعالیٰ نے ان کو یہ دی کہ ان کے دلوں پر مہر لگا دی، اب کسی وعظ و نصیحت کا کوئی اثر ان پر نہیں ہوتا، یا یوں کہہ لیجیے کہ رسول اللہ (ﷺ) اور مسلمانوں کی مسلسل دنیوی اور دینی کامیابیوں کی وجہ سے ان کا حسد و حقد اور کفر و نفاق بڑھتا گیا، اور ان کی حسرتوں میں اضافہ ہوتا گیا۔ 22۔ دردناک عذاب کا سبب ان کا کذب و نفاق ہے۔ اس میں جھوٹ کی قباحت کی طرف اشارہ ہے، اور اس طرف بھی کہ ایمان باللہ میں نفاق سے بڑھ کر کوئی جھوٹ نہیں۔