سورة ابراھیم - آیت 23

وَأُدْخِلَ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ جَنَّاتٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا بِإِذْنِ رَبِّهِمْ ۖ تَحِيَّتُهُمْ فِيهَا سَلَامٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (دیکھو) جو لوگ ایمان لائے تھے اور جنہوں نے نیک کام کیے تھے وہ (نعیم ابدی کے) باغوں میں داخل ہوگئے، ان کے تلے نہریں بہ رہی ہیں، اپنے پروردگار کے حکم سے ہمیشہ انہی میں رہیں گے (ان کی راحتوں کے لیے کبھی زوال نہیں) وہاں ان کے لیے (ہر طرف سے) دعاؤں کی پکار ریہی ہے کہ تم پر سلامتی ہو۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(18) جہنمیوں کا انجام بیان کیے جانے کے بعد اب اہل جنت کا انجام بیان کیا جارہا ہے۔ فرشتے اہل جنت کی تعظیم کریں گے اور انہیں سلام کریں گے، اللہ تعالیٰ نے سورۃ الزمر آیت (73) میں فرمایا ہے : کہ جنت کے خازن فرشتے اہل جنت کو سلام کریں گے، اور سورۃ الرعد آیات (23،24) میں فرمایا ہے : کہ فرشتے ہر دروازے سے ان کے پاس آکر سلام کریں گے۔