سورة یوسف - آیت 69
وَلَمَّا دَخَلُوا عَلَىٰ يُوسُفَ آوَىٰ إِلَيْهِ أَخَاهُ ۖ قَالَ إِنِّي أَنَا أَخُوكَ فَلَا تَبْتَئِسْ بِمَا كَانُوا يَعْمَلُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور جب ایسا ہوا کہ یہ لوگ یوسف کے پاس پہنچے تو اس نے اپنے بھائی (بنیامین) کو اپنے بٹھا لیا اور اسے (پوشیدگی میں) اشارہ کردیا کہ میں تیرا بھائی (یوسف) ہوں پس جو (بدسلوکی یہ تیرے ساتھ) کرتے آئے ہیں اس پر غمگین نہ ہو (اور خوش ہوجا کہ اب زمانہ پلٹ گیا)
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(61) جب یوسف کے پاس بنیامین کو لے کر پہنچے، تو انہوں نے ان سب کی خوب خاطر مدارت کی، اور بنیامین کو کسی بہانے سے الگ بلا کر سارا ماجرا سنا دیا اور بتایا کہ میں تمہارا بھائی یوسف ہوں، اور کہا کہ جو کچھ میرے سوتیلے بھائیوں نے کیا تھا اس کا غم نہ کرو اور ابھی راز کو افشا نہ کرو، اور میں تمہیں کوئی سبب پیدا کر کے اپنے پاس روک لوں گا، تاکہ عزت و آرام کے ساتھ میرے پاس رہ سکو۔