سورة التوبہ - آیت 115

وَمَا كَانَ اللَّهُ لِيُضِلَّ قَوْمًا بَعْدَ إِذْ هَدَاهُمْ حَتَّىٰ يُبَيِّنَ لَهُم مَّا يَتَّقُونَ ۚ إِنَّ اللَّهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اللہ کی یہ شان نہیں کہ وہ ایک گروہ کو ہدایت دے کر پھر گمراہ قرار دے تاوقیتکہ ان پر وہ ساری باتیں واضح نہ کرے جن سے انہیں بچنا چاہیے، بلا شبہ اللہ کے علم سے کوئی بات باہر نہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(92) اللہ نے جب مشرکین کے لیے طلب مغفرت کی ممانعت کردی تو جن لوگوں نے اپنے مشرکین رشتہ داروں کے لیے پہلے طلب مغفرت کیا تھا انہیں اللہ کے عذاب کا خوف لاحق ہوا، تو یہ آیت نازل ہوئی کہ جو مسلمان پہلے سے راہ راست پر گامزن ہیں اس نادانستہ غلطی پر ان کا مواخذہ نہیں ہوگا، اس لیے کہ اللہ کی طرف سے مواخذہ اس کا ہوتا ہے جو حق واضح ہوجانے کے بعد بھی باطل پر جما رہے۔