سورة التوبہ - آیت 97

الْأَعْرَابُ أَشَدُّ كُفْرًا وَنِفَاقًا وَأَجْدَرُ أَلَّا يَعْلَمُوا حُدُودَ مَا أَنزَلَ اللَّهُ عَلَىٰ رَسُولِهِ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اعرابی کفر اور نفاق میں سب سے زیادہ سخت ہیں اور اس کے زیادہ مستحق ہیں کہ ان کی نسبت سمجھا جائے دین کے ان حکموں کی انہیں خبر نہیں جو اللہ نے اپنے رسول پر نازل کیے ہیں (کیونکہ آبادیوں میں نہ رہنے کی وجہ سے تعلیم و تربیت کا موقع انہیں حاصل نہی) اور اللہ (سب کا حال) جاننے والا (اپنے تمام کاموں میں) حکمت رکھنے والا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(73) بادیہ نشیں منافقین کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ ان کا کفر و نفاق دوسروں سے زیادہ سخت ہوتا ہے، اس لیے کہ ان کے مزاج میں سختی اور وحشت ہوتی ہے اور علماء کی مجالس سے دور ہونے کی وجہ سے قرآن و سنت کی تعلیمات سے بے بہرہ ہوتے ہیں، امام احمد ابو داؤد اور ترمذی وغیرہم نے ابن عباس سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا جو بادیہ نشیں ہوجاتا ہے اس میں سختی آجاتی ہے۔