سورة التوبہ - آیت 31

اتَّخَذُوا أَحْبَارَهُمْ وَرُهْبَانَهُمْ أَرْبَابًا مِّن دُونِ اللَّهِ وَالْمَسِيحَ ابْنَ مَرْيَمَ وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا إِلَٰهًا وَاحِدًا ۖ لَّا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۚ سُبْحَانَهُ عَمَّا يُشْرِكُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ان لوگوں نے اللہ کو چھوڑ کر اپنے علما اور مشائخ کو پروردگار بنا لیا، اور مریم کے بیٹے مسیح کو بھی، حالانکہ انہیں جو کچھ حکم دیا گیا تھا وہ اس کے سوا کچھ نہ تھا کہ ایک خدا کی بندگی کرو، کوئی معبود نہیں ہے مگر وہی، اس کی پاکی ہو اس ساجھی سے، جو یہ اس کی ذات میں لگا رہے ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(25) عیسائیوں کا ایک مجرمانہ فعل یہ بھی تھا کہ انہوں نے اپنے عالموں اور راہبوں کو اللہ کے بجائے اپنا معبود بنا لیا، یعنی جب ان کے دنیا دار عالموں نے حرام کو حلال اور حلال کو حرام بنایا تو انہوں نے ان کی پیروی کی، امام احمد، ترمذی اور ابن جریر وغیر ہم نے عدی بن حاتم (رض) سے راوایت کی ہے کہ وہ رسول اللہ(ﷺ) کے پاس آئے تو ان کی گردن میں چاندی کا صلیب لٹک رہا تھا ( انہوں نے جاہلیت کے زمانہ میں عیسائیت کو قبول کرلیا تھا) تو رسول اللہ (ﷺ) نے یہ آیت پڑھی İاتَّخَذُوا أَحْبَارَهُمْ وَرُهْبَانَهُمْ أَرْبَابًا مِنْ دُونِ اللَّهِĬ تو میں نے کہا کہ عیسائیوں نے اپنے عالموں کی عبادت تو نہیں کی آپ (ﷺ) نے فرمایا: ہاں، انہوں نے حلال کو حرام اور حرام کو حلال بنایا تو لوگوں ان کی بات مانی اور ان کی پیروی کی یہی ان کی عبادت ہے۔ انہوں نے عیسیٰ (علیہ السلام) کو بھی اللہ کے بجائے اپنا معبود بنالیا حالا نکہ انہیں حکم یہ دیا گیا تھا کہ وہ صرف ایک اللہ کی عبادت کریں جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں۔