وَإِن يُرِيدُوا خِيَانَتَكَ فَقَدْ خَانُوا اللَّهَ مِن قَبْلُ فَأَمْكَنَ مِنْهُمْ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ
اور اگر ان لوگوں نے چاہا تمہیں دغا دیں تو (کوئی وجہ نہیں کہ تم اس اندیشہ سے اپنا طرز عمل بدل ڈالو) یہ اس سے پہلے خود اللہ کے ساتھ خیانت کرچکے ہیں اور اسی کی پاداش ہے کہ تمہیں ان پر قدرت دے دی گئی ہے اور (یاد رکھو) اللہ سب کچھ جانتا اور (اپنے تمام کاموں میں) حکمت رکھنے والا ہے۔
(61) رسول اللہ (ﷺ) کو کہا جارہا ہے کہ اگر یہ مشرکین فدیہ دے کر جان چھڑا لیں اور بظاہر اسلام کا اعلان کر کے آپ کو دھو کہ دینا چاہیں اور مکہ پہنچ کر کفر کی طرف لوٹ جائیں تو آپ اس کی پرواہ نہ کیجئے اور ڈریئے نہیں انہوں نے پہلے بھی کفر وشرک کا ارتکاب کر کے اللہ کے ساتھ خیانت کی تھی اللہ نے انہیں آپ کا قیدی بنا دیا اگر پھر ایسا کیا تو دوبارہ ان کا نجام ایسا ہی ہوگا اور انہیں کفر کی ذلت کے ساتھ قید وبند کی ذلت سے دوچار ہونا پڑے گا۔