سورة الاعراف - آیت 184

أَوَلَمْ يَتَفَكَّرُوا ۗ مَا بِصَاحِبِهِم مِّن جِنَّةٍ ۚ إِنْ هُوَ إِلَّا نَذِيرٌ مُّبِينٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کیا ان لوگوں نے غور نہیں کیا؟ ان کے رفیق کو (یعنی پیغمبر اسلام کو جو انہی میں پیدا ہوا اور جس کی زندگی کی ہر بات ان کے سامنے ہے) کچھ دیوانگی تو ہیں لگ گئی ہے (کہ خواہ مخواہ ایک بات کے پیچھے پڑ کر سب کو اپنا دشمن بنا لے) وہ اس کے سوا اور کیا ہوسکتا ہے کہ (انکار و بدعملی کی پاداش سے) کھلے طور پر خبردار کردینے والا ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(114) کفار قریش رسول اللہ (ﷺ) کو بچپن سے اچھی طرح جانتے تھے، انہیں پتہ تھا کہ آپ عقلی اور اخلاقی اعتبار سے ان میں سب سے اعلی وارفع ہیں۔ لیکن جب دعوت اسلام لے کر ان کے سامنے آئے تو کہنے لگے کہ یہ تو مجنون ہے جبھی تو اس قسم کی باتیں کرتا ہے، اللہ تعالیٰ نے ان کی تردید کی اور کہا کہ محمد نہ تو مجنون ہیں جیسا کہ کفار قریش انہیں بچپن سے جانتے ہیں، اور نہ جو باتیں بتاتے ہیں وہ کسی پاگل کی بڑ ہے، بلکہ وہ تو اللہ کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔