سورة البقرة - آیت 94

قُلْ إِن كَانَتْ لَكُمُ الدَّارُ الْآخِرَةُ عِندَ اللَّهِ خَالِصَةً مِّن دُونِ النَّاسِ فَتَمَنَّوُا الْمَوْتَ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہ لوگ کہتے ہیں آخرت کی نجات صرف اسی کے حصے میں آئی ہے) تم ان سے کہو اگر آخرت کا گھر خدا کے نزدیک صرف تمہارے ہی لیے ہے۔ اور تم اپنے اس اعتقاد میں سچے ہو تو (تمہیں دنیا کی جگہ آخرت کا طلب گار ہونا چاہیے۔ پس بے خوف ہو کر) موت کی آرزو کرو (حیات فانی کے پجاری نہ بنو)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

149: یہود دعوی کرتے تھے کہ جنت صرف ان کے لیے ہے، دوسرے لوگ اس میں داخل نہیں ہوں گے، اللہ تعالیٰ نے ان سے کہا کہ اگر تم سچے ہو تو موت کی تمنا کرو تاکہ تم جلد از جلد دنیا کی پریشانیوں سے نجات پاکر جنت کی راحتوں کو پالو، ابن جریر نے یہی تفسیر بیان کی ہے۔ حافظ ابن کثیر کہتے ہیں کہ آیت میں دعوت مباہلہ ہے،۔ اور ابن عباس (رض) سے یہی مروی ہے۔ اس قول کے پیش نطر آیت کی تفسیر یوں ہوگی کہ اے میرے رسول ! آپ یہودیوں سے کہئے کہ اگر تم اپنے دعوی میں سچے ہو تو دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ دونوں جماعتوں میں سے جھوٹی جماعت کو موت دے دے، چنانچہ جب رسول اللہ (ﷺ) نے ان سے ایسی دعا کرنے کو کہا تو انہوں نے انکار کردیا، کیونکہ انہیں اپنے گناہوں کا علم تھا، اور اس کی خبر خود قرآن کریم نے دے دی کہ وہ ایسا کبھی بھی نہیں کریں گے۔ امام بخاری وغیرہ نے ابن عباس (رض) سے مرفوعاً روایت کی ہے کہ اگر اس دعوت مباہلہ کے بعد یہود موت کی تمنا کرتے تو سب کے سب مرجاتے، اور جہنم میں اپنا ٹھکانا اپنی آنکھوں سے دیکھ لیتے۔