سورة الاعراف - آیت 42

وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَا نُكَلِّفُ نَفْسًا إِلَّا وُسْعَهَا أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ الْجَنَّةِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور جو لوگ (١) ایمان لائے اور ان کے کام بھی اچھے ہوئے، اور (یاد رہے ہمارا قانون یہ ہے کہ) ہم کسی جان پر اس کی برداشت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتے تو بس ایسے ہی لوگ جنت والے ہیں۔ ہمیشہ جنت (کے راحت و سرور) میں رہنے والے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(29) اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں بالعوم جہنم اور اہل جہنم کے ذکر کے بعد جنت اور اہل جنت کا ذکر کرتا ہے، اور یہی حال برعکس بھی ہوتا ہے، یہاں بھی جہنمیوں کے بعد جنتیوں کا ذکر آیا ہے، اور جملہ معتر ضہ کے ذریعہ اللہ نے اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ اللہ پر ایمان لانا اور زندگی میں عمل صالح کرنا مشکل نہیں ہے اس لیے کہ اللہ کا نظام ہے کہ بندوں کو ان کی طاقت سے زیادہ کا مکلف نہیں بناتا۔