سورة المدثر - آیت 13
وَبَنِينَ شُهُودًا
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور سامنے موجود رہنے والے بیٹے دیے
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٩] قصہ ولید بن مغیرہ :۔ ان آیات میں بھی اگرچہ اللہ تعالیٰ نے کسی خاص شخص کا نام نہیں لیا تاہم جو صفات بیان کی گئی ہیں اس سے ہر ایک کو واضح طور پر معلوم ہوجاتا تھا کہ ان آیات کا روئے سخن کس طرف ہے؟ یہ شخص باتفاق مفسرین ولید بن مغیرہ تھا۔ حرب بن امیہ کی وفات کے بعد قریش کی سیادت اسی کے ہاتھ آئی تھی اور یہ ابو جہل مخزومی کا چچا تھا۔ بڑا صاحب مال تھا۔ دس یا بارہ جوان بیٹے اس کے پاس موجود رہتے تھے۔ جنہیں کسب معاش کی چنداں فکر نہیں تھی۔ اس کام کے لیے اس کے نوکر چاکر بہت تھے۔ بس ان بیٹوں کا کام یہی تھا کہ اپنے باپ کی مجلس میں حاضر رہ کر اس کی شان و شوکت بڑھائیں۔ انہیں بیٹوں میں سے ایک سیدنا خالدبن ولید بھی تھے۔ جس نے اسلام لاکر اسلام کی بیش بہا خدمات سرانجام دیں تھیں۔