سورة الحاقة - آیت 14

وَحُمِلَتِ الْأَرْضُ وَالْجِبَالُ فَدُكَّتَا دَكَّةً وَاحِدَةً

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور زمین اور پہاڑ اٹھا کر ایک ساتھ پٹک دیے جائیں گے اور وہ دفعۃ چور چور ہوگئے

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[١١] آغاز قیامت کے حوادث :۔ یہاں سے اب قیامت کی ان چند کیفیات کا ذکر شروع ہو رہا ہے، جن کا اس سورۃ کی آیت نمبر ٣ میں اشارہ کیا گیا تھا۔ یعنی قیامت کا آغاز نفخہ صور اول سے ہوگا۔ اس نفخہ کا فوری اثر یہ ہوگا کہ سب جاندار مخلوق پر موت طاری ہوجائے گی۔ نظام کائنات درہم برہم ہوجائے گا۔ زمین میں پھنسائے ہوئے لمبے چوڑے پہاڑوں کے سلسلے نفخہ صور کی دہشت سے اس طرح ہوجائیں گے جیسے انہیں کوٹ کوٹ کر ریزہ ریزہ بنا دیا گیا ہو۔