سورة الصف - آیت 9

هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَىٰ وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ وَلَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا کہ اسے تمام دینوں پر غالب کردے، اگرچہ مشرکوں کو یہ کتنا ہی ناپسند ہو

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[١١] اس آیت کی تشریح کے لیے سورۃ توبہ کی آیت نمبر ٣٣ پر حاشیہ نمبر ٣٣ ملاحظہ فرمائیے۔ [١٢] مشرکوں کو خالص توحید ناگوار گزرتی ہے :۔ یعنی مشرک تو یہ چاہتے ہیں کہ اللہ کی بندگی کے ساتھ دوسروں کی بندگیاں بھی چلاتے رہیں۔ بڑے خدا کے ساتھ چھوٹے خداؤں یا اس کے اپنے پیاروں کو کائنات کے تصرف میں، حاجت روائیوں اور مشکل کشائیوں میں شامل اور شریک کرتے رہیں۔ اللہ کے دین میں دوسرے دینوں کی اور غیر اسلامی فلسفوں اور نظریات کی آمیزش کرتے رہیں۔ مگر اللہ کو ایسی شراکت اور ایسے سمجھوتے قطعاً منظور نہیں۔ وہ ہر قسم کے شرک سے پاک سچے اور ستھرے دین کو ہر دین پر غالب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اسے پورا کرکے رہے گا اگر مشرکوں کو یہ بات ناگوار ہے تو وہ اپنا ایڑی چوٹی کا زور لگا دیکھیں۔