سورة الواقعة - آیت 11

أُولَٰئِكَ الْمُقَرَّبُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کیونکہ وہ بارگاہ الٰہی کے مقرب ہیں

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٧] یعنی پیغمبروں پر ایمان لانے میں، ان کے ساتھ حق و باطل کے معرکہ میں، مصائب کے برداشت کرنے میں اور ہر خیر اور بھلائی کے کام میں دوسروں سے سبقت کرنے والے اور آگے نکل جانے والوں کا درجہ عام مومنین صالحین سے بہرحال زیادہ ہوتا ہے۔ لہٰذا یہی لوگ اللہ کے مقربین میں سے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کے دربار میں اللہ تعالیٰ کے سامنے سب سے آگے یہی لوگ ہوں گے پھر ان کے بعد دائیں جانب صالحین مومنین اور بائیں جانب کافر و مشرک، سرکش اور خود سر یعنی اہل دوزخ ہوں گے۔