سورة الروم - آیت 60

فَاصْبِرْ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ ۖ وَلَا يَسْتَخِفَّنَّكَ الَّذِينَ لَا يُوقِنُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

سو (اے پیغمبر) آپ صبر کیجئے بے شک اللہ کا وعدہ برحق ہے، اور جو لوگ یقین نہیں رکھتے وہ آپ کو ہلکی باتوں پر آمادہ نہ کردیں (١٥)۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٦٦] اللہ کا یہ وعدہ اس سورۃ کی آیت نمبر ٤٧ میں گزر چکا ہے اور وہ یہ ہے ﴿حَقًّا عَلَیْنَا نَصْرُ الْمُؤْمِنِیْنَ ﴾ یعنی اللہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مومنوں کی مدد کرے۔ آپ کفار کی ایذاؤں پر صبر کیجئے خود بھی اور مسلمانوں کو بھی صبر و برداشت کی تلقین کیجئے۔ اللہ کا وعدہ اپنے وقت پر پورا ہو کے رہے گا۔ [ ٦٧] یعنی ان کافروں کی مکاریوں اور سازشوں سے، ان کے مذاق و تمسخر سے، ان کی اسلام دشمن کارروائیوں سے، ان کی ایذاؤں اور مظالم سے، ان کے منافقانہ سمجھوتوں کی کوششوں سے اور ان کی دھمکیوں سے آپ کے پایۂ ثبات میں ہرگز لغزش نہ آنی چاہئے اور ان کو اسی بات کا یقین آجانا چاہئے کہ آپ اپنے مشن میں صبر و ثبات کا ایسا عظیم پیکر ہیں جسے کسی قیمت پر اپنی جگہ سے ہلایا نہیں جاسکتا۔