سورة المؤمنون - آیت 87

سَيَقُولُونَ لِلَّهِ ۚ قُلْ أَفَلَا تَتَّقُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

وہ فورا کہیں گے یہ سب کچھ اللہ ہی کے لیے ہے تو کہ پھر تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ (شرک و انکار کے نتیجہ سے) ڈرتے نہیں؟

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٨٤] پہلی آیت میں صرف زمین اور اس میں موجودات کی ملکیت کے متعلق سوال تھا۔ اس آیت میں پوری کائنات کی ملکیت کا سوال ہے۔ کفار مکہ کو یہ بھی اعتراف تھا کہ اس پوری کائنات کا مالک و مختار صرف اللہ تعالیٰ ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان کے معبودوں کے اس کائنات میں تصرف کے اختیار کہاں سے آگئے؟ انھیں اس بات سے ڈر نہیں لگتا کہ اللہ کے تصرف و اختیار میں ایسی چیزوں کو شریک بنا رہے ہیں۔ جو دوسروں کے تو کیا، اپنے بھی نفع و نقصان کے مالک نہیں ہیں۔ ایسے صریح ظلم اور اس کے انجام سے انھیں ڈر نہیں لگتا ؟