سورة الاعراف - آیت 13

قَالَ فَاهْبِطْ مِنْهَا فَمَا يَكُونُ لَكَ أَن تَتَكَبَّرَ فِيهَا فَاخْرُجْ إِنَّكَ مِنَ الصَّاغِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

فرمایا جنت سے نکل جا، تیری یہ ہستی نہیں کہ یہاں رہ کر سرکشی کرے، یہاں سے نکل دور ہو، یقینا تو ان میں سے ہوا جو ذلیل و خوار ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ کے حکم کے مقابلے میں تکبر کرنے والا احترام و تعظیم کا مستحق نہیں بلکہ ذلت و خواری کا مستحق ہوتا ہے۔ حقیقتاً ابلیس کے تین قصور تھے۔ (۱) اللہ کے حکم کو نہ مانا۔ (۲) فرشتوں کی جماعت جس میں وہ رہتا تھا سجدہ کرتے وقت وہ ان سے الگ ہوا۔ (۳) اللہ کی نافرمانی پر نادم ہونے کی بجائے تکبر کیا، خود کو بڑا سمجھا اور حضرت آدم علیہ السلام کو حقیر سمجھا۔ لہٰذا اس پر اللہ کی لعنت اور پھٹکار ہوئی، ذلیل و خوار ہوا۔ اور لعنت اور پھٹکار ہمیشہ کے لیے اس کا مقدر ہوگئی۔