وَمَن يَتَوَلَّ اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَالَّذِينَ آمَنُوا فَإِنَّ حِزْبَ اللَّهِ هُمُ الْغَالِبُونَ
اور جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کو اور ایمان والوں کو دوست بنائے تو (وہ اللہ کی جماعت میں شامل ہوجاتا ہے اور) اللہ کی جماعت ہی غلبہ پانے والی ہے۔
یہ حزب اللہ (اللہ کی جماعت) کی کامیابی کی نوید سنائی جارہی ہے حزب اللہ وہی جماعت ہے جسکا تعلق صرف اللہ سے، رسول اور مومنین سے ہو، اور کافروں، یہودیوں، نصاریٰ سے چاہے وہ ان کے قریبی رشتے دار ہوں، وہ محبت و دوستی کا تعلق نہ رکھیں۔ سورۂ مجادلہ میں فرمایا آخری آیت کہ تم اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھنے والوں کو ایسا نہیں پاؤ گے کہ وہ ایسے لوگوں سے محبت رکھیں جو اللہ اور اُس کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے دشمن ہوں چاہے وہ ان کے باپ ہوں، ان کے بیٹے ہوں ان کے بھائی ہوں، یا ان کے خاندان اور قبیلے کے لوگ ہوں، پھر خوشخبری دی گئی کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں ایمان ہے اور جنھیں اللہ کی مدد حاصل ہے۔ انھیں ہی اللہ تعالیٰ جنت میں داخل فرمائے گا اور یہی حزب اللہ ہیں کامیابی جن کا مقدر ہے۔