سورة الحشر - آیت 15

كَمَثَلِ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ قَرِيبًا ۖ ذَاقُوا وَبَالَ أَمْرِهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہ ان لوگوں کی مثل ہیں جو ان سے کچھ ہی پہلے اپنے کیے کا مزہ چکھ چکے ہیں اور (آخرت میں) ان کے لیے دردناک عذاب ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس سے بعض نے مشركین مكہ مراد لیے ہیں۔ جنھیں غزوہ بنی نضیر سے كچھ عرصہ قبل جنگ بدر میں عبرت ناك شكست ہوئی تھی۔ یعنی یہ بھی مغلوبیت میں اور ذلت میں مشركین ہی كی طرح ہیں جن كا زمانہ عنقریب ہی ہے۔ بعض نے یہود كے دوسرے قبیلے بنو قینقاع کو مراد لیا ہے۔ جنھیں بنو نضیر سے پہلے جلا وطن كیا جا چكا تھا جو زمان ومكان دونوں لحاظ سے ان كے قریب تھے۔ المناك عذاب: یعنی یہ وبال جو انھوں نے چكھا یہ تو دنیا كی سزا ہے، آخرت كی سزا اس كے علاوہ ہے جو نہایت دردناك ہوگی۔ (ابن كثیر)