سورة الواقعة - آیت 73
نَحْنُ جَعَلْنَاهَا تَذْكِرَةً وَمَتَاعًا لِّلْمُقْوِينَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
ہم نے اسے یادگار اور مسافروں کے لیے فائدہ بخش بنایا
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
مسافروں کے فائدے کی چیز: مقوین: یہ مُقْوٍ کی جمع ہے یہ قَوَآئً سے مشتق ہے جس کا معنی ہے خالی صحرا میں داخل ہونا مراد مسافر ہے، یعنی مسافر صحراؤں اور جنگلوں میں ان درختوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اس سے روشنی، گرمی اور ایندھن حاصل کرتے ہیں۔ بعض نے مقوی سے وہ فقرا مراد لیے ہیں جو بھوک کی وجہ سے خالی پیٹ ہوں۔ بعض نے اس کے معنی مُسْتَمْتِعِیْنَ (فائدہ اٹھانے والے) کے کیے ہیں۔ اس میں امیر، غریب، مقیم اور مسافر سب آجاتے ہیں اور سب ہی آگ سے فائدہ اٹھاتے ہیں، حدیث میں ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تین چیزوں میں تمام مسلمانوں کا برابر حصہ کا ہے۔ پانی، آگ اور گھاس۔ (ابوداؤد: ۳۴۷۷) امام ابن کثیر نے اس مفہوم کو زیادہ پسند کیا ہے۔