سورة النسآء - آیت 4

وَآتُوا النِّسَاءَ صَدُقَاتِهِنَّ نِحْلَةً ۚ فَإِن طِبْنَ لَكُمْ عَن شَيْءٍ مِّنْهُ نَفْسًا فَكُلُوهُ هَنِيئًا مَّرِيئًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور عورتوں کو ان کے مہر خوشی سے د یا کرو۔ ہاں ! اگر وہ خود اس کا کچھ حصہ خوش دلی سے چھوڑ دیں تو اسے خوشگواری اور مزے سے کھالو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

مہر عورت کا ذاتی حق ہے۔ یہ خود وصول کرے گی، مہر مقرر کرنا ضروری ہے۔ اور مرد خوش دلی سے اس کو ادا کرے۔ اگر عورت اپنی مرضی سے کچھ حصہ لوٹا دے تو جائز ہے پھر مرد اس کو کھا سکتا ہے۔ مہر کا تعین: مہر مرد کی حیثیت کے مطابق ہونا چاہیے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’عورتوں کا مہر بڑھ چڑھ کر نہ باندھا کرو کیونکہ اگر مہر بڑھادینے میں کوئی عزت کی بات ہوتی یا اللہ کے ہاں تقویٰ کی بات ہوتی، تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے زیادہ حقدار تھے۔ اور میں نہیں جانتا کہ رسول اللہ نے اپنی کسی بیوی یا بیٹی کا حق مہر بارہ اوقیہ چاندی سے زیادہ باندھا ہو۔ (ابن ماجہ: ۱۸۸۷)