سورة الذاريات - آیت 23

فَوَرَبِّ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ إِنَّهُ لَحَقٌّ مِّثْلَ مَا أَنَّكُمْ تَنطِقُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

آسمان اور زمین کے رب کی قسم (یونی ان کے پروردگار کی پروردگاری شہادت دے رہی ہے) بلاشبہ وہ معاملہ (جزاوسزا کا معاملہ) حق ہے ٹھیک اسی طرح جیسے یہ بات کہ تم گویائی رکھتے ہو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

پھر اللہ تعالیٰ خود اپنی قسم کھا کر فرماتا ہے کہ جس طرح تمہیں اپنے بولنے میں کوئی شک و شبہ نہیں ہوتا ویسے ہی اس کلام میں بھی شک و شبہے کی کوئی گنجائش نہیں۔ قیامت ضرور قائم ہو گی۔ آخرت آ کے رہے گی، تمہارے اعمال کا ضرور محاسبہ کیا جائے گا پھر تمہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔