سورة الحجرات - آیت 17

يَمُنُّونَ عَلَيْكَ أَنْ أَسْلَمُوا ۖ قُل لَّا تَمُنُّوا عَلَيَّ إِسْلَامَكُم ۖ بَلِ اللَّهُ يَمُنُّ عَلَيْكُمْ أَنْ هَدَاكُمْ لِلْإِيمَانِ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہ لوگ تم پر احسان جتلاتے ہیں کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا، ان سے کہہ دیجئے کہ تم اپنے اسلام کا احسان مجھ پر نہ رکھو بلکہ اللہ تم پر احسان رکھتا ہے کہ اس نے تمہیں ایمان کی ہدایت دی، بشرطیکہ تم ایمان کے دعوی میں سچے ہو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

بدوی قبائل کن اغراض کے ساتھ اسلام لائے تھے: ایسے بدو دراصل اسلام لا کر یہ احسان جتلاتے تھے کہ ہم از خود ہی مطیع ہو کر اور اسلام لا کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہو گئے ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہمارے خلاف لشکر کشی نہیں کرنا پڑی اور اس سے مقصد یہ تھا کہ اب ہماری طرف توجہ فرمائیے اور مال غنیمت میں سے ہمیں بھی مال دیجیے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے جواب میں اپنے نبی سے کہا کہ انھیں کہہ دیجیے کہ اگر اسلام لائے ہو تو اپنی ہی ذاتی اغراض کے لیے لائے ہو ورنہ تمہارا بھی وہی حشر ہوتا جو دوسرے کافروں کا ہو رہا ۔ یہ تو اللہ کا تم پر احسان ہے کہ تمہارے جان و مال مسلمانوں کے ہاتھوں سے محفوظ ہو گئے۔ اور اگر تم فی الواقع سچے ایمان دار ہوتے تو تمہیں یہ بات کہتے بھی شرم آنی چاہیے تھی۔ آسمان و زمین کے غیب اس پر ظاہر ہیں اور وہ تمہارے اعمال سے آگاہ ہے۔ الحمد للہ سورہ حجرات کی تفسیر ختم ہوئی۔ خدا کا شکر ہے توفیق اور ہمت اسی کے ہاتھ ہے۔