سورة محمد - آیت 33

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَلَا تُبْطِلُوا أَعْمَالَكُمْ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے ایمان والو تم اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی فرمانبرداری بجالاؤ اور اپنے اعمال کو ضائع نہ کرو

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اعمال کو برباد کرنے والے کام: یعنی منافقین اور مرتدین کی طرح ارتداد و نفاق اختیار کر کے اپنے عملوں کو برباد مت کرو۔ یہ گویا اسلام پر استقامت کا حکم ہے۔ بعض نے کبائر و فواحش کے ارتکاب کو بھی حبط اعمال کا باعث گردانا ہے۔ اسی لیے مومنین کی صفات میں سے ایک صفت یہ بھی ہے کہ وہ بڑے گناہ اور فواحش سے بچتے ہیں۔ سورہ النجم (۳۲) میں ارشاد ہے کہ: ﴿اَلَّذِيْنَ يَجْتَنِبُوْنَ كَبٰٓىِٕرَ الْاِثْمِ وَ الْفَوَاحِشَ﴾ ’’ان لوگوں کو جو بڑے گناہوں سے بچتے ہیں اور بے حیائی سے بھی‘‘ یہ بھی معلوم ہوا کہ کوئی خواہ کتنا ہی بہتر کیوں نہ ہو معلوم ہوتا ہو اگر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کے دائرے سے باہر ہے تو رائیگاں اور برباد ہے۔