سورة الأحقاف - آیت 35

فَاصْبِرْ كَمَا صَبَرَ أُولُو الْعَزْمِ مِنَ الرُّسُلِ وَلَا تَسْتَعْجِل لَّهُمْ ۚ كَأَنَّهُمْ يَوْمَ يَرَوْنَ مَا يُوعَدُونَ لَمْ يَلْبَثُوا إِلَّا سَاعَةً مِّن نَّهَارٍ ۚ بَلَاغٌ ۚ فَهَلْ يُهْلَكُ إِلَّا الْقَوْمُ الْفَاسِقُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

پس اے نبی جس طرح دوسرے اولوالعزم پیغمبروں نے صبر کیا آپ بھی صبر کرتے رہیے اور ان کے لیے عذاب کی جلدی نہ کیجئے جس روز یہ لوگ اس چیز (عذاب) کو دیکھیں گے جس کا ان سے وعدہ کیا جارہا ہے تو یوں خیال کریں گے گویاوہ دن میں سے گھڑی بھررہے ہوں گے یہ قرآن مجید (اتمام حجت کی غرض سے) پہنچادینا ہے پس اب وہی لوگ تباہ کیے جائیں گے جو نافرمان ہیں (٧)۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اولوالعزم انبیاء: اللہ تعالیٰ اپنے رسول کو تسلی دے رہا ہے۔ کہ آپ کی قوم نے اگر آپ کو جھٹلایا، آپ کی قدر نہ کی، آپ کی مخالفت کی، ایذا رسانی کے درپے ہوئے تو یہ کوئی نئی بات تھوڑی ہی ہے اگلے اولوالعزم پیغمبروں کو یاد کرو۔ کہ کیسی کیسی ایذائیں مصیبتیں اور تکلیفیں برداشت کیں اور کن کن زبردست مخالفوں کی مخالفت کو صبر سے برداشت کیا۔ ان رسولوں کے نام یہ ہیں۔ حضرت نوح، ابراہیم، موسیٰ، عیسیٰ علیہم السلام اور خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ۔ پھر فرمایا کہ دیکھ لو ان الوا العزم انبیاء نے کتنی مدت اپنے مخالفوں کی ایذا رسانیوں پر صبر کیا تھا۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی اس معاملہ میں جلدی نہ کرنی چاہیے اور صبر اور برداشت سے کام لینا چاہیے۔ دنیا میں بس ایک ساعت ہی ٹھہرے: یعنی آج تو عذاب کے لیے جلدی مچا رہے ہیں کہ آتا کیوں نہیں جب قیامت کو عذاب اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے تو کہیں گے کہ اتنی جلدی عذاب کیوں آ گیا۔ ہم تو دنیا میں ایک گھڑی ہی ٹھہرے تھے کہ عذاب آ گیا۔ قیامت کا دن کس قدر سخت ہو گا اس کا اندازہ کچھ ان کے جواب سے بھی ہو جاتا ہے۔ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ اللہ کے عذاب اُسی کو ہوتے ہیں جو خود اپنے ہاتھوں اپنے لیے عذاب مہیا کرتے ہیں اور اپنے آپ کو مستحق عذاب کر دیتے ہیں۔ واللہ اعلم! الحمد للہ سورہ احقاف کی تفسیر مکمل ہوئی۔