سورة آل عمران - آیت 162

أَفَمَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَ اللَّهِ كَمَن بَاءَ بِسَخَطٍ مِّنَ اللَّهِ وَمَأْوَاهُ جَهَنَّمُ ۚ وَبِئْسَ الْمَصِيرُ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

بھلا جو شخص اللہ کی خوشنودی کا تابع ہو وہ اس شخص کی طرح ہوسکتا ہے جو اللہ کی طرف سے ناراضی لے کر لوٹا ہو، اور جس کا ٹھکانا جہنم ہو؟ اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس آیت میں انھیں دو گروہوں کا تقابل پیش کیا جارہا ہے۔ جو غزوہ بدر اور اُحد میں نبردآزما تھے۔ان میں سے ایک گروہ اللہ کی رضا اور دین کی سربلندی کے لیے لڑرہا تھا اور دوسرا اللہ کے دین کو کچلنے اور مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے نیست و نابود کرنے کے لیے لڑرہا تھا، اور یہی دوسرا گروہ ہی اللہ کے غضب میں گرفتار ہوا اور بالآخر اپنا وجود ہی کھوبیٹھا اور اخروی زندگی میں جہنم اس کا مقدر ہوچکی ہے لڑائی کے اعتبار سے دونوں کی سرگرمیاں ایک جیسی تھیں مگر ان دونوں کے انجام ایک دوسرے کی عین ضد ہیں۔