سورة الجاثية - آیت 28

وَتَرَىٰ كُلَّ أُمَّةٍ جَاثِيَةً ۚ كُلُّ أُمَّةٍ تُدْعَىٰ إِلَىٰ كِتَابِهَا الْيَوْمَ تُجْزَوْنَ مَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اے نبی ! آپ ہر گروہ کو گھٹنوں کے بل گرا ہوادیکھیں گے ہر گروہ اپنے نامہ اعمال کی طرف بلایا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا آج تم لوگوں کو ان اعمال کا بدلہ دیا جائے گا جو تم کرتے رہے تھے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی پہلے ہر قسم کے مجرموں کے الگ الگ گروہ بنائے جائیں گے وہ دن ایسا ہولناک ہو گا کہ ہر شخص گھٹنوں پر گرا ہوا ہو گا یہ اس وقت جب کہ جہنم ان کے سامنے لائی جائے گی اور وہ ایک جھر جھری لے گی۔ جس سے ہر شخص کانپ اٹھے گا۔ اور اپنے گھٹنوں پر گر جائے گا۔ تاآنکہ سب کو حساب کتاب کے لیے بلایا جائے گا۔